مظفرآباد (بیورو رپورٹ) آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے سرکاری ملازمین کے فلاحی فنڈ سے متعلق قواعد میں ترمیم کرتے ہوئے گریڈ 16 سے 22 تک کے ملازمین کے لیے الوداعی امداد اور ماہانہ فلاحی گرانٹ میں اضافہ کردیا۔
محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آزاد جموں و کشمیر ایمپلائز بینیوولنٹ فنڈ اینڈ گروپ انشورنس ایکٹ 1971 کی دفعہ 23 کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے فلاحی فنڈ کے قواعد میں ترامیم کی گئی ہیں ، نئے قواعد کے تحت ہر جریدہ سرکاری ملازم اپنی بنیادی تنخواہ کا 2 فیصد ماہانہ فلاحی فنڈ میں جمع کرائے گا، تاہم ماہانہ چندے کی زیادہ سے زیادہ حد 2 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
ترمیم کے مطابق گریڈ 16 سے 22 تک کے جریدہ ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے وقت ایک بنیادی تنخواہ کے برابر الوداعی امداد دی جائے گی ، یہ سہولت مقررہ عمر پوری ہونے پر ریٹائر ہونے والے ملازمین کے علاوہ 25 سال قابلِ شمار ملازمت مکمل کرکے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو بھی حاصل ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فلاحی فنڈ سے دی جانے والی ماہانہ امداد کی شرح میں بھی 20 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے ، فرسٹ شیڈول کے سلسلہ نمبر ایک سے 10 تک درج ماہانہ فلاحی گرانٹ کی رقوم میں اضافہ کیا جائے گا ، محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے مطابق فلاحی فنڈ سے متعلق یہ ترامیم آزاد جموں و کشمیر ایمپلائز بینیوولنٹ فنڈ اینڈ گروپ انشورنس رولز 1972 میں بھی کی گئی ہیں۔

