این اے 168 بہاولپور ضمنی انتخاب، تمام انتظامات مکمل، پولنگ کل ہوگی

بہاولپور (بیورو رپورٹ): قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور میں ضمنی انتخاب کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، حلقے میں پولنگ کل 27 ستمبر کو ہوگی۔ نشست مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی .

ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کی جانب سے ملک منیر اقبال چنڑ امیدوار ہیں، جبکہ سابق وفاقی وزیر چودھری طارق بشیر چیمہ کے صاحبزادے ولی داد چیمہ آزاد حیثیت سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ حلقے میں مجموعی طور پر 20 امیدوار میدان میں ہیں۔

حلقے میں 4 لاکھ 83 ہزار 143 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 2 لاکھ 48 ہزار 529 مرد اور 2 لاکھ 34 ہزار 614 خواتین شامل ہیں ، انتخابی عمل کے لیے مجموعی طور پر 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں 130 مردوں، 130 خواتین اور 32 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 896 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔

سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات :

ضمنی انتخاب کے دوران سیکیورٹی کے لیے 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جبکہ پاک فوج اور رینجرز کی نفری بھی ریزرو میں رکھنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

پنجاب محکمہ داخلہ نے وفاقی حکومت کو بھی سیکیورٹی کے لیے پاک فوج اور پاکستان رینجرز پنجاب کی تعیناتی سے متعلق مراسلہ ارسال کیا ہے۔ مراسلے میں پاک فوج کی 10 کوئیک رسپانس فورس ٹیمیں اور رینجرز کی 2 کمپنیاں تعینات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

مراسلے کے مطابق ہر کوئیک رسپانس فورس ٹیم 10 اہلکاروں پر مشتمل ہوگی، یوں پاک فوج کے مجموعی طور پر 100 اہلکار طلب کیے گئے ہیں۔ فوجی ٹیموں سے فوری ردعمل جبکہ رینجرز کمپنیوں سے مستقل سیکیورٹی ڈیوٹی لینے کی درخواست کی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ نے پاک فوج اور رینجرز کی تعیناتی 26 سے 27 ستمبر تک رکھنے کی درخواست کی ہے۔ فوج کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 جبکہ رینجرز کی تعیناتی پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت طلب کی گئی ہے۔

صبح 8 بجے پولنگ کا آغاز :

این اے 168 میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوکر شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ الیکشن انتظامیہ نے پولنگ اسٹیشنز پر بنیادی سہولیات اور دیگر انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم کے اختتام کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کی ہیں، جس کے تحت پولنگ سے قبل مقررہ 48 گھنٹوں کے دوران حلقے میں جلسوں، جلوسوں اور انتخابی مہم پر پابندی ہوگی۔

واضح رہے کہ این اے 168 میں ضمنی انتخاب سابق رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث منعقد کیا جا رہا ہے، جبکہ انتخابی عمل کے لیے انتظامیہ اور الیکشن حکام کی جانب سے انتظامات مکمل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔