بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں، محسن نقوی کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے منسوب دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

محسن نقوی نے متعدد دہشتگردوں کو ہلاک کیے جانے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کامیاب آپریشنز کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیوں کے ذریعے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر اہلکار قوم کا سرمایہ افتخار ہیں اور ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ان کی خدمات قابل قدر ہیں ، محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے امن و سلامتی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا ، انہوں نے واضح کیا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے منسوب دہشتگرد عناصر کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔