راولپنڈی (بیورو رپورٹ) سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب نے پولیس ہیڈکوارٹرز میں لیڈی پولیس افسران کے ساتھ اہم اجلاس کیا، جس میں ڈی ایس پی ایڈمن شاہدہ یاسمین سمیت ضلع بھر سے خواتین پولیس افسران نے شرکت کی .
اجلاس کے دوران خواتین سے متعلق مسائل اور پولیسنگ کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایس ایس پی آپریشنز نے ہدایت کی کہ خواتین کے مسائل کو تھانہ کی سطح پر بروقت حل کیا جائے، کیونکہ خواتین کو درپیش مسائل کا ازالہ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ملک طارق محبوب کا کہنا تھا کہ لیڈیز پولیس میں ڈرائیونگ، کمپیوٹر اور جدید ٹیکنالوجی میں مہارت رکھنے والی افسران کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے پولیسنگ اور سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی ڈیوٹیز پر تعینات لیڈی پولیس افسران اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے رہی ہیں۔ تمام افسران پولیس سروس کی فراہمی اور مجموعی پولیسنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
لیڈی پولیس کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت :
ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ سی پی او راولپنڈی کی ہدایات کے مطابق لیڈی پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی پوائنٹس پر بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ خواتین ہر شعبہ زندگی میں مردوں کے شانہ بشانہ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں اور پولیس فورس میں بھی خواتین افسران اہم فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔
ملک طارق محبوب نے لیڈی پولیس افسران پر زور دیا کہ وہ ٹیم ورک کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام افسران ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے پولیسنگ اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

