امریکی فضائیہ کے اڈے کے قریب بڑا واقعہ، متعدد گرفتار، بم ڈسپوزل ٹیم طلب

لندن (ویب ڈیسک) برطانیہ کے مغربی علاقے گلوڈیستر شائر میں امریکی فضائیہ کے زیرِ استعمال اہم ایئربیس کے قریب پولیس نے بڑی ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے متعدد املاک خالی کرا لیں اور کئی افراد کو گرفتار کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ گلوڈیستر شائر کے علاقے ویل فورڈ میں پیش آیا، جہاں پولیس کارروائی کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کرنے کے بعد فوج کی بم ڈسپوزل ٹیم کو طلب کرلیا گیا، ماہرین علاقے میں موجود متعدد گاڑیوں کا معائنہ کر رہے ہیں۔

گلوڈیستر شائر پولیس کے مطابق ویل فورڈ میں متعدد املاک کو احتیاطی طور پر خالی کرایا جا رہا ہے، جبکہ گرفتار افراد پر ایکسپلوزوز ایکٹ کے تحت جرائم میں ملوث ہونے کا شبہ ہے ، پولیس نے علاقے میں بڑے واقعے کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات شروع کردیئے ہیں، تاہم حکام نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ زیرِ تفتیش گاڑیوں سے کوئی دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے یا نہیں۔

حکام کی جانب سے واقعے کے محرکات کے بارے میں بھی کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ ویل فورڈ گاؤں ایئربیس کے قریب واقع ہے، جو برطانوی فضائیہ کا اڈہ ہے اور اسے امریکی فضائیہ بھی استعمال کرتی ہے ، پولیس اور بم ڈسپوزل ماہرین کی کارروائی جاری ہے جبکہ مقامی رہائشیوں کو احتیاطی تدابیر کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔