مریم نواز نے عالمی اعزاز ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ بنانے والوں کے نام کردیا

مسقط (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پراجیکٹ کے لیے یواین ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ وصول کرلیا، انہیں یہ ایوارڈ مسقط کے تاریخی کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں منعقدہ ورلڈ ہیبیٹ ڈے کی پروقار تقریب میں پیش کیا گیا ، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو یواین ہیبیٹٹ سکرول آف آنر ایوارڈ پیش کرنے کے لیے خصوصی طور پر اسٹیٹ گیسٹ کی حیثیت سے مسقط مدعو کیا گیا تھا۔

تقریب میں مریم نواز شریف کی آمد پر پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ اقوام متحدہ کی ہیومن سیٹلمنٹ پروگرام کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینا کلوڈیا روزباخ نے وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر شرکاء کا خیرمقدم کیا ، مریم نواز شریف نے جب یواین ہیبیٹٹ سکرول آف آنر ایوارڈ وصول کیا تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ایوارڈ ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پراجیکٹ کے ذریعے گھر بنانے والے افراد کے نام کردیا۔

دنیا بھر سے صرف 5 منتخب ممالک کو یواین ہیبیٹٹ سکرول آف آنر ایوارڈ دیا گیا ، میانمار کے ہٹو وینگ، برازیل کے تھیاگو باؤرمین گبرٹ، تیونس کے عبدالمالک غانم اور لندن کے صادق خان بھی ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل تھے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ورلڈ ہیبیٹٹ ڈے کے موقع پر یواین ہیبیٹٹ کی خصوصی نمائش کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی ، انہیں ڈویلپمنٹ ایگریمنٹس پر دستخط کی تقریب میں بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا، جبکہ انہوں نے دیگر شرکاء کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

تقریب کے دوران یواین ہیبیٹٹ سکرول آف آنر ایوارڈ کے حوالے سے خصوصی بریفنگ بھی دی گئی۔ بریفنگ کے مطابق یہ ایوارڈ اقوام متحدہ کے ہیومن سیٹلمنٹ پروگرام سے متعلق اعلیٰ ترین بین الاقوامی اعزاز ہے، جو مختلف افراد، شہروں، سرکاری و نجی اداروں اور ریسرچ انسٹیٹیوٹس کو غیر معمولی کارکردگی پر دیا جاتا ہے۔

ایوارڈ کے لیے سستی اور مناسب رہائش، پائیدار اربن ڈویلپمنٹ، بنیادی شہری سہولتوں میں بہتری، بہتر شہری ترقی و تعمیر نو اور قدرتی آفات کے بعد بحالی جیسے اہداف مقرر کیے گئے ہیں ، بریفنگ میں بتایا گیا کہ اقوام متحدہ کے تحت 37 سال سے جاری اس سلسلے میں اب تک 200 سرکاری و نجی اداروں کو سکرول آف آنر ایوارڈ دیے جاچکے ہیں ، پاکستان نے بھی 2007 میں یواین ہیبیٹٹ سکرول آف آنر ایوارڈ وصول کیا تھا۔

بریفنگ کے مطابق 19 سال کے بعد پنجاب کا ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پراجیکٹ دنیا بھر کے 150 سے زائد پراجیکٹس میں سرفہرست قرار پایا ہے ، یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ کسی صوبے کے ہاؤسنگ پراجیکٹ کو عالمی سطح پر پذیرائی کے ساتھ یواین ہیبیٹٹ سکرول آف آنر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔