Islamabad Bar Association Capitalnewspoint.com

خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج نامنظور، اسلام آباد بار کا دوٹوک مؤقف

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ اور گورنر راج لگانے کے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے فیصلے فوری طور پر واپس لیے جائیں ، ایسوسی ایشن کے مطابق یہ اقدامات آئین کی روح، جمہوری اصولوں اور وفاقی اکائیوں کی خودمختاری کے منافی ہیں۔

اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ پاکستان کا آئین وفاق کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ صوبوں کے حقوق کے تحفظ کی بھی ضمانت دیتا ہے، اس لیے کسی بھی سیاسی مقصد کے لیے آئین کو پامال نہیں کیا جاسکتا۔

اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سیاسی اور انتظامی معاملات کو طاقت کے استعمال سے حل نہیں کیا جاسکتا، بلکہ ان کے حل کے لیے آئین، قانون اور جمہوری روایات کی پاسداری ضروری ہے۔

ایسوسی ایشن نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا ہے کہ وہ معاملات کو افہام و تفہیم، باہمی احترام اور بامعنی مذاکرات کے ذریعے حل کریں تاکہ سیاسی کشیدگی میں کمی لائی جاسکے۔

اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے مطابق ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا واحد راستہ سیاسی استحکام اور قومی اتفاق رائے ہے ، ایسوسی ایشن نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تصادم کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔

بار ایسوسی ایشن نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج سے متعلق اقدامات واپس لینے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ آئینی بالادستی، صوبائی خودمختاری اور جمہوری روایات کا تحفظ ملکی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔