ریاض (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) یمن کے حوثی باغیوں نے ہفتے کے روز سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے ، فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق، حملے میں 13 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے ، دوسری جانب سعودی حکام نے اتوار کو ہوائی اڈے پر ایک اور حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس واقعے میں بھی متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق یمن میں سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے مطابق، اتوار کے روز ایک نامعلوم نوعیت کا پروجیکٹائل ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 4 کو نشانہ بنانے کے لیے داغا گیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔
سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا کہ تازہ حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، تاہم حکام کی جانب سے زخمیوں کی حتمی تعداد جاری نہیں کی گئی ، اتھارٹی کے مطابق، حملے سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے .
ریاض ایئرپورٹ پر مسلسل حملوں کی اطلاعات نے سعودی عرب کی فضائی تنصیبات کی سکیورٹی اور شہری ہوابازی کے تحفظ سے متعلق خدشات بڑھا دیے ہیں ، تاہم تازہ حملے کے مکمل نقصانات، زخمیوں کی درست تعداد اور واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

