لاہور (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ اور فلم ساز حریم فاروق نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اداکارہ ہانیہ عامر کی صلاحیتوں کو ابتدا ہی میں پہچان لیا تھا اور انہیں شوبز انڈسٹری میں متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا ، ایک حالیہ انٹرویو کے دوران میزبان نے حریم فاروق سے پوچھا کہ کیا انہوں نے ہانیہ عامر کو متعارف کرایا تھا؟ اس پر حریم فاروق نے جواب دیا کہ بالکل، ہانیہ عامر کو متعارف کرانے کا سہرا انہیں ہی جاتا ہے۔
حریم فاروق کا کہنا تھا کہ لوگ اکثر ان سے پوچھتے ہیں کہ کیا وہ پہلی مرتبہ فلم پروڈیوس کر رہی ہیں، تاہم ایسا نہیں ہے ، انہوں نے ہانیہ عامر کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں ابتدا ہی میں اندازہ ہوگیا تھا کہ ہانیہ نے آگے بڑھنا ہے اور کامیابی کی بلندیوں تک پہنچنا ہے ، واضح رہے کہ ہانیہ عامر نے 2016 میں کامیڈی فلم ’جاناں‘ کے ذریعے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ اس وقت وہ یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم تھیں۔
حریم فاروق اس فلم کی شریک پروڈیوسر تھیں اور انہوں نے اس میں مختصر کردار بھی ادا کیا تھا ، ہانیہ عامر کالج کے زمانے میں اپنی ڈب میش ویڈیوز کے باعث بھی خاصی مقبول ہوئی تھیں ، فلم ’جاناں‘ میں اداکاری پر انہیں بہترین معاون اداکارہ کے لیے لکس اسٹائل ایوارڈ کی نامزدگی بھی ملی۔
ہانیہ عامر نے بعد ازاں ’نامعلوم افراد 2‘، ’پرواز ہے جنون‘ اور دیگر فلموں اور ڈراموں میں اپنی اداکاری سے ناظرین کی توجہ حاصل کی ، ڈرامہ سیریل ’میرے ہمسفر‘ میں فرحان سعید کے ساتھ ان کی اداکاری کو بھی خاصی پذیرائی ملی ، 2025 میں ہانیہ عامر بھارتی پنجابی کامیڈی فلم ’سردار جی 3‘ میں بھی نظر آئیں، جس کے بعد ان کا نام ایک بار پھر شوبز حلقوں میں زیرِ بحث آیا۔

