پولیس سروس میں بڑے پیمانے پر تبادلے، گریڈ 20 کے دو افسران بھی تبدیل

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پولیس سروس آف پاکستان کے متعدد افسران کے تقرر و تبادلوں کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں، جن کے تحت گریڈ 20 کے دو افسران کے تبادلے کیے گئے ہیں، جبکہ سندھ حکومت سے تعلق رکھنے والے گریڈ 17 کے پانچ افسران کی خدمات اسلام آباد پولیس کے سپرد کر دی گئی ہیں۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں تعینات پولیس سروس کے گریڈ 20 کے افسر ڈی آئی جی مصطفیٰ حمید ملک کو تبدیل کرتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسی طرح نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں تعینات پولیس سروس کے گریڈ 20 کے افسر ڈی آئی جی عرفان اللہ خان کا تبادلہ کرتے ہوئے ان کی خدمات خیبرپختونخوا حکومت کے سپرد کر دی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 17 کے پانچ افسران کی خدمات سندھ حکومت سے اسلام آباد پولیس کے سپرد کی گئی ہیں۔ ان افسران میں دُرِ تابش، محمد نعمان، نِدا جنید، محمد آصف اور محمد شعیب امین شامل ہیں ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ان تقرر و تبادلوں کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے گئے ہیں۔