پاکستان کا انگلینڈ کو 87 رنز سے دھچکا، سہ ملکی سیریز میں مسلسل دوسری فتح

راولپنڈی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دیکر سیریز میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی ، پاکستان کی جانب سے دیے گئے 303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 39ویں اوورز میں 215 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی ، انگلینڈ کی جانب سے ٹام بینٹن نے57، بین ڈکٹ نے 45 اورجو روٹ نے 33 رنز بنائے۔

پاکستانی اسپنر عرفات منہاس نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 40 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں ، قبل ازیں راولپنڈی میں ہونیوالے میچ میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا جب کھیل کی پہلی ہی گیند پر فخر زمان گس اٹکنسن کی گیند پر روٹ کو کیچ تھما بیٹھے جب کہ صائم ایوب 8 رنز بنا کر 31 کے مجموعی اسکور پر سونی بیکر کا نشانہ بنے ، بابر اعظم 34، سعد بیگ 35 اور گزشتہ سنچورین سلمان علی آغا 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 133 کے مجموعے تک قومی ٹیم 5 وکٹوں سے محروم ہوئی۔

ایسے میں حسن نواز نے 79، عرفات منہاس نے 59 اور فہیم اشرف نے 39 رنز بنا کر ٹیم کو 300 کے ہندسے کے قریب پہنچایا جبکہ اختتامی لمحات میں شاہین آفریدی کے 10 اور حارث رؤف کے 4 رنز کی بدولت قومی ٹیم نے 302 رنز بنائے ، انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے 3، گٹ ایٹکنسن نے 2 جبکہ ول جیکس، جمی اوورٹن، عادل رشید اور سیم کرن نے ایک ایک وکٹ لی ، واضح رہے پاکستان نے سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دی تھی۔