اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA)، اور اسمارٹ سٹی ہاؤسنگ لاہور کے مابین ڈائریکٹر جنرل FGEHA، کیپٹن (ر) ظفر اقبال کی موجودگی میں لاہور میں رہائشی منصوبے کے آغازکے لیے مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے، فیڈرل گورنمنٹ ایمپلایز ہاؤسنگ اتھارٹی کی جانب سے ڈائریکٹر جوائنٹ ونچر فیٖض عمر ،جبکہ سمارٹ سٹی ہاؤسنگ لاہور کی جانب سے سردار عادل عمر نے ایم -او- یو پر سائن کیے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن تنویر حیدر کھوکھر ،چیف انجینیئر، ڈائریکٹر IT ،ڈائریکٹر فائنانس ، اور ایف جی ای ایچ اے کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی، مجوزہ رہائشی منصوبہ ملتان روڈ لاہور میں واقع تقریباً 750 کنال اراضی پر مشتمل ہے ، منصوبے کو اینڈ پروڈکٹ/ٹرن کی ماڈل کے تحت آگے بڑھایا جائے گا، اسمارٹ سٹی ہاؤسنگ لاہور کا منصوبہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (LDA) سے منظور شدہ ہے اور ملتان روڈ، لاہور پر بحریہ انکلیو کے قریب واقع ہے۔
منصوبے کا محلِ وقوع اور متعلقہ منظوری ا سے لاہور میں رہائشی سہولیات کی ترقی کے حوالے سے اہم بناتے ہیں ، ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی، کیپٹن (ر) ظفر اقبال کا کہنا تھا کہ اسمارٹ سٹی ہاؤسنگ لاہور کی جانب سے اس رہائشی منصوبے کے حوالے سے ابتدائی پروپوزل پیش کیا گیا تھا، اور اب یہ ادارہ ایف جی ای ایچ اے کا بزنس پارٹنر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف جی ای ایچ اے ایکٹ کے تحت اتھارٹی کو ملک بھر میں رہائشی منصوبوں کے لیے زمین حاصل کرنے اور منصوبے شروع کرنے کا اختیار حاصل ہے ، ان کا کہنا تھا کہ اس مفاہمتی یادداشت (MoU) کا بنیادی مقصد ایسا باہمی تعاون قائم کرنا ہے جو دونوں فریقین کے لیے مفید اور یکساں طور پر سودمند (Win-Win Situation) ثابت ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ لاہور میں مقیم وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے رہائشی سہولیات کے حصول میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا اور ان کی رہائشی ضروریات پوری کرنے کے لیے نئے مواقع فراہم کرے گا ، ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے، کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے کہا کہ اگر مستقبل میں اس منصوبے کے لیے مزید موزوں اراضی دستیاب ہوئی تو منصوبے کو وسعت دینے کے امکانات بھی موجود ہوں گے.

جس سے رہائشی منصوبے کے دائرہ کار کو مزید بڑھایا جا سکے گا اور زیادہ سے زیادہ اہل وفاقی سرکاری ملازمین کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کے مواقع میسر آ سکیں گے ، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے، کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے کہا کہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی اپنے ا لاٹیز کو بہتر رہائشی سہولیات کی فراہمی اور رہائشی منصوبوں کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ اور سیکریٹری ہاؤسنگ و تعمیرات کیپٹن (ر) محمد محمود کی معاونت، رہنمائی اور وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی اور تعاون سے اتھارٹی کے منصوبوں کو آگے بڑھانے اور رہائشی شعبے میں نئی پیش رفت کے مواقع پیدا کرنے میں مدد مل رہی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ وفاقی وزیرِ ہاؤسنگ اور سیکریٹری ہاؤسنگ کی جانب سے رہائشی منصوبوں کی ترقی، ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری اور عوامی ضروریات کو ترجیح دینے کے وژن سے ایف جی ای ایچ اے کو اپنی ذمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں ادا کرنے کی ترغیب ملتی ہے ، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اتھارٹی اعلیٰ قیادت کی رہنمائی میں شفافیت، مؤثر منصوبہ بندی اور نجی شعبے کے ساتھ اشتراکِ عمل کے ذریعے رہائشی منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ منصوبہ جات کے تحت نجی شعبے کی مہارت اور دستیاب وسائل سے استفادہ کرتے ہوئے رہائشی ترقی کے عمل کو مؤثر بنایا جا سکتا ہے، جس سے وفاقی سرکاری ملازمین اور دیگر اہل اراکین کے لیے رہائشی سہولیات کی فراہمی کے مواقع میں اضافہ ہوگا ، یہ مفاہمتی یادداشت ایف جی ای ایچ اے کے مشترکہ منصوبہ جات کے تحت رہائشی منصوبوں کی ترقی اور نجی شعبے کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

