اسلام آباد میں طلبہ کے لیے بڑی سہولت، موٹر سائیکل لائسنس اب ایک ہی دن میں

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ کے لیے موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں بڑی سہولت دینے کا اعلان کر دیا ہے ، خصوصی اقدام کے تحت طلبہ کو 42 روزہ لرننگ پیریڈ کی شرط سے استثنیٰ دیا جائے گا اور وہ اسی روز موٹر سائیکل لائسنس حاصل کر سکیں گے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ خصوصی سہولت یکم نومبر سے 30 نومبر 2026 تک دستیاب ہوگی، جس سے کالجز اور یونیورسٹیز میں زیر تعلیم طلبہ فائدہ اٹھا سکیں گے ، چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹر سے رجوع کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو قانونی تقاضوں کے مطابق موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس فراہم کرنا اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے ، اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق اس سہولت کے ذریعے طلبہ کو لائسنس کے حصول میں درپیش انتظار کم کرنے کے ساتھ قانونی طریقے سے موٹر سائیکل چلانے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔