پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کی تیاریاں تیز، غیر ملکی سفیروں کو اہم بریفنگ

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں وزارت خارجہ میں اہم بریفنگ سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسلام آباد میں تعینات مختلف ممالک کے سفیروں اور سفارتکاروں کو فورم کے اغراض و مقاصد، پروگرام اور شرکت کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ سیشن کا افتتاح ایڈیشنل سیکریٹری ایس آئی ایف سی و اکنامک ڈپلومیسی ایمبیسڈر ابرار ہاشمی نے کیا، جبکہ اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم ڈویژن مرزا ناصر الدین مسعود احمد نے شرکاء کو فورم کے بنیادی مقاصد اور اہمیت پر تفصیلی بریفنگ دی ، اس موقع پر ایم ڈی او جی ڈی سی احمد حیات لک اور ان کی ٹیم نے بھی پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے حوالے سے تفصیلات پیش کیں۔

سفارتکاروں کو فورم کے پروگرام، شیڈول، مقام، رجسٹریشن اور شرکت کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا ، بریفنگ میں بتایا گیا کہ فورم کے دوران پاکستان کے معدنی وسائل، سرمایہ کاری کے امکانات اور اس شعبے سے متعلق اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ، مختلف ممالک کے وزراء، سفارتکاروں، سرمایہ کاروں اور صنعتی شعبے کے نمایاں رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔

فورم میں معدنیات کے شعبے میں عالمی سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے کے ساتھ نمائش اور حکومتی سطح پر حکومتی (G2G) اور حکومتی سطح پر کاروباری (G2B) روابط کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے ، پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کو ملک کے معدنی وسائل کی ترقی، بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ اور عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا جا رہا ہے۔