تمام کھلاڑی ذمہ داریوں سے آگاہ، ٹرافی جیتنے کے لیے پُرعزم ہیں. سلمان علی آغا

لاہور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بلے باز سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ امید ہے کل کا فائنل پاکستان کے نام ہوگا، تمام کھلاڑی اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔

تین ملکی کرکٹ سیریز کے فائنل سے قبل پاکستانی بلے باز سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جن پچز پر میچز کھیلے گئے، ان سب کی کنڈیشن مختلف تھیں، پریکٹس سیشن میں کافی محنت کی ہے اور کوچز کے ساتھ مل کر اپنی خامیوں کو بہتر بنانے پر کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم اچھا کھیل کر فائنل میں پہنچی ہے، ہماری کوشش ہے کہ جدید طرز کی کرکٹ کھیلیں، کوچ کی یہ بات درست ہے کہ ابھی تک ہم اپنی بہترین کرکٹ پیش نہیں کر سکے، تاہم کل فائنل میں پاکستان ٹیم اپنی اے گیم پیش کرے گی۔

قومی بلے باز نے کہا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا کسی فخر سے کم نہیں، میدان میں اترتے ہیں تو پوری توجہ میچ پر ہوتی ہے، میری اپنی کارکردگی بہتر نہیں رہی، کوشش کروں گا کہ فائنل میں اہم کردار ادا کروں ، سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ کپتانی کا دباؤ ضرور ہوتا ہے، تاہم اب پہلے کی نسبت کم دباؤ محسوس کر رہا ہوں، امید ہے کل کے میچ میں اسٹیڈیم شائقین سے بھرا ہوگا، تین ملکی سیریز کامیاب رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فخر زمان اور بابر اعظم نے پاکستان کو کئی میچز جتوائے ہیں، وہ بہتر جانتے ہیں کہ اپنی کارکردگی کیسے بہتر بنانی ہے، ہر کھلاڑی پر ایسا وقت آتا ہے جب وہ پوری کوشش کرتا ہے لیکن رنز نہیں بنا پاتا، انٹرنیشنل کرکٹ میں کامیاب ہونا آسان نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دینے چاہئیں تاکہ وہ انٹرنیشنل سطح پر اپنی صلاحیتیں ثابت کر سکیں، شاداب خان نے انگلینڈ کے خلاف ہمیں ایک بڑا میچ جتوایا، وہ میچ کھلاڑی اور شائقین ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

سلمان علی آغا نے کہا کہ پلیئنگ الیون کا فیصلہ کپتان اور کوچ کریں گے، کرکٹ اعداد و شمار پر نہیں بلکہ میچ کے دن کی کارکردگی پر کھیلی جاتی ہے، ہمارے پاس اچھے کھلاڑی موجود ہیں، اگر تمام کھلاڑی اپنی پوری صلاحیت کے مطابق کھیلیں تو فائنل پاکستان کے نام ہو سکتا ہے۔

قومی بلے باز کے مطابق کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کو دیکھ رہا ہے اور تینوں فارمیٹس میں الگ الگ کھلاڑی کھیلتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں 350 رنز کا ہدف اب لازمی ہوتا جا رہا ہے۔