Amir Muqam PMLN Capitalnewspoint.com

عوام کے پیسوں کا حساب ہوگا، کرپشن کرنے والوں کو ریلیف نہیں ملے گا. امیر مقام

پشاور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے 13 سال جھوٹ پر مبنی تھے، گزشتہ 13 سال صوبے کے لیے انتہائی تاریک دور تھے، سابق حکومت نے امن و امان کے قیام کے لیے کچھ نہیں کیا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر امیر مقام کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں صحت اور تعلیم سمیت کسی شعبے میں عملی کام نظر نہیں آ رہا، گزشتہ حکومت نے خود بھی کرپشن کی اور دوسروں کو بھی دعوت دی، عوام کے پیسوں اور ان کا حساب کتاب کرنا ہوگا، نئے نئے سکینڈلز سامنے آ رہے ہیں، لوٹ کھسوٹ کرنے والوں کو عدالتوں سے بھی ریلیف نہیں ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا نو گو ایریا بنتا جا رہا ہے، صوبے کے عوام نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، پی ٹی آئی کو ووٹ دینے والے بھی محب وطن پاکستانی ہیں لیکن ایک مخصوص ٹولہ محب وطن عوام کو گمراہ کر رہا تھا، پی ٹی آئی حکومت نفرتیں بڑھانے پر کام کر رہی تھی۔

امیر مقام کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوان ہر محاذ پر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، دنیا میں لگی آگ بجھانے میں بھی پاک فوج کردار ادا کر رہی ہے، ہماری خواہش تھی کہ دیئے گئے مینڈیٹ کے مطابق کام کیا جاتا، وفاقی حکومت نے مشکل فیصلے کیے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لانگ مارچ الٹی سمت سے شروع کیا گیا تھا، وزیراعلیٰ صوبہ چھوڑ کر کبھی کراچی اور کبھی لاہور میں مصروف رہے، خیبرپختونخوا کے عوام نے 11 اکتوبر کو جشن منایا، عوام کہتے ہیں کہ اچھا ہوا ہمیں نجات مل گئی ، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت میں تمام اداروں کا سامنا کیا اور اپنی بے گناہی ثابت کی، خیبرپختونخوا کے عوام پنجاب جیسی سہولیات کا مطالبہ کر رہے ہیں، صوبے میں امن اور ترقی کے لیے سب مل کر کام کریں گے۔

اقلیتی برادری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ پاکستان کے قیام میں اقلیتی برادری کی بھی بڑی قربانیاں شامل ہیں، اقلیتی برادری کو عزت اور احترام دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان پر جتنا حق ہمارا ہے اتنا ہی اقلیتی برادری کا بھی ہے، اقلیتی برادری کے تمام مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کریں گے۔