اسلام آباد میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی یقین دہانی، گورنر پنجاب کا بڑا اعلان

اسلام آباد(کیپیٹل نیوز پوائنٹ)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کو کاروباری برادری کے اہم مسائل کے حل کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بالخصوص اسلام آباد میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لیے موزوں زمین کی فراہمی اور چیمبر میں بینکنگ محتسب پاکستان کا سہولت ڈیسک قائم کرنے کے معاملات متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھائیں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز چیمبر ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، گورنر پنجاب نے آئی سی سی آئی کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیاء، سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ اور نائب صدر محمد وقاص خان سواتی کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت کاروباری برادری کی مؤثر نمائندگی کرے گی اور ملکی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اسلام آباد میں جدید صنعتی اسٹیٹ کا قیام نئی سرمایہ کاری راغب کرنے، صنعتی پیداوار میں اضافے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ، انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس تجویز کو متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائیں گے اور موزوں زمین کی نشاندہی اور فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

بینکنگ محتسب پاکستان کے سہولت ڈیسک کے قیام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے کاروباری افراد کو بینکاری سے متعلق شکایات کے ازالے، رہنمائی اور معاونت تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے اس تجویز کو عملی شکل دینے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ کاری میں تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے کاروباری برادری کے لیے کھلے ہیں اور وہ آئی سی سی آئی کی قیادت کے ساتھ باقاعدہ رابطہ برقرار رکھنا چاہتے ہیں تاکہ کاروباری برادری کے تحفظات اور سرمایہ کاری سے متعلق تجاویز متعلقہ فورمز پر مؤثر انداز میں پیش کی جا سکیں ، انہوں نے سرمایہ کاری، برآمدات، مشترکہ منصوبوں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے فروغ میں اوورسیز پاکستانیوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اپنے استقبالیہ خطاب میں آئی سی سی آئی کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیاء نے کہا کہ صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط تعاون ناگزیر ہے ، انہوں نے گورنر پنجاب سے درخواست کی کہ اسلام آباد میں ضروری بنیادی ڈھانچے اور سہولتوں سے آراستہ جدید انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی حمایت کی جائے، کیونکہ موزوں زمین کی دستیابی نئی سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کاروباری افراد کو بینکاری سے متعلق شکایات کے حل اور بروقت رہنمائی فراہم کرنے کے لیے آئی سی سی آئی میں بینکنگ محتسب پاکستان کا دفتر یا سہولت ڈیسک قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی ، آئی سی سی آئی کے صدر نے مزید تجویز دی کہ گورنر ہاؤس اور اسلام آباد کی کاروباری برادری کے درمیان مستقل رابطہ کاری کا نظام قائم کیا جائے، جس کے لیے ایک فوکل پرسن مقرر کیا جا سکتا ہے یا باقاعدہ مشاورتی اجلاس منعقد کیے جا سکتے ہیں۔

اوورسیز پاکستانیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا بین الاقوامی تجربہ، سرمایہ کاری کے وسائل اور عالمی کاروباری روابط پاکستان کے لیے نئی برآمدی منڈیوں کے حصول، غیر ملکی سرمایہ کاری کی راغب کرنے، مشترکہ منصوبوں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) سید قمر رضا نے ترسیلاتِ زر، سرمایہ کاری، تجارت اور بین الاقوامی کاروباری روابط کے ذریعے اوورسیز پاکستانیوں کی قومی معیشت میں قابلِ قدر خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے آئی سی سی آئی اور او پی ایف کے درمیان قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے اسے اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ روابط مضبوط بنانے اور معاشی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کا مؤثر پلیٹ فارم قرار دیا۔

چیئرمین پاکستان بزنس فورم فرانس سردار ظہور اقبال نے فرانس اور دیگر یورپی منڈیوں کے ساتھ پاکستان کے تجارتی اور کاروباری تعلقات کو وسعت دینے کے مواقع پر روشنی ڈالی ، انہوں نے پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے، کاروباری اداروں کے درمیان براہِ راست روابط مضبوط بنانے اور پاکستانی و غیر ملکی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز بزنس فورمز پاکستانی کاروباری افراد کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے منسلک کرنے اور برآمدات و سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے مؤثر ذرائع ثابت ہو سکتے ہیں ، آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ، جنہوں نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیے، نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر کی نئی قیادت کاروباری برادری کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے باہمی تعاون، مشترکہ حکمت عملی اور مربوط کوششوں کے تحت کام کرے گی۔

نائب صدر محمد وقاص خان سواتی نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا اور چیئرمین پاکستان بزنس فورم فرانس سردار ظہور اقبال کی ملک اور عوام کے لیے خدمات کو سراہا ، انہوں نے کہا کہ چیمبر مؤثر نمائندگی اور حکومت و نجی شعبے کے درمیان مضبوط رابطہ کاری کے ذریعے اسلام آباد کو ایک نمایاں کاروباری اور سرمایہ کاری مرکز بنانے کے لیے پُرعزم ہے ، تقریب میں چیمبر کے سابق صدور، عہدیداران، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، ممتاز صنعتکاروں، تاجروں، کاروباری رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے شرکت کی۔