اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) پاکستان کے معدنی وسائل میں عالمی سرمایہ کاری کے فروغ اور کان کنی کے شعبے میں نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم (PMIF-26) 12 اور 13 نومبر 2026 کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں عالمی سرمایہ کاروں، بین الاقوامی کان کنی کمپنیوں اور معدنیات کے شعبے سے وابستہ ماہرین کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
فورم کے اہم مقررین میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر شامل ہیں ، اس عالمی فورم کا بنیادی مقصد پاکستان کے معدنی ذخائر کو عالمی سرمایہ کاری کے لیے متعارف کرانا، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا اور معدنی شعبے میں بین الاقوامی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی علی پرویز ملک نے عالمی سرمایہ کاروں اور کان کنی کمپنیوں کو فورم میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے شفاف، سازگار اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کر رہی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معدنی وسائل میں ملکی معیشت کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری حاصل کرنے کی وسیع صلاحیت موجود ہے۔
ادھر آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد حیات لک نے بھی عالمی سرمایہ کاروں اور کان کنی کے ماہرین کو اسلام آباد آمد اور فورم میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے دوران معدنی شعبے کی ترقی، جدید کان کنی ٹیکنالوجی، ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور خواتین کی شمولیت کے حوالے سے خصوصی سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان کے معدنی ذخائر کی درست نشاندہی کے لیے جیولوجیکل سروے، ڈیٹا شیئرنگ اور عالمی سطح پر تکنیکی تعاون کو فروغ دینے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
فورم میں ریکوڈک سمیت پاکستان کے بڑے معدنی منصوبوں کے تناظر میں قومی سطح پر تکنیکی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور مقامی ماہرین کی تربیت کے لیے خصوصی پروگرام بھی زیر بحث آئیں گے ، کان کنی کے منصوبوں میں سیکیورٹی انتظامات، ماحولیاتی تحفظ اور مقامی آبادی کا اعتماد حاصل کرنے جیسے اہم معاملات بھی فورم کے ایجنڈے کا حصہ ہوں گے، تاکہ معدنی وسائل کی ترقی کے ساتھ پائیدار معاشی اور سماجی فوائد کو یقینی بنایا جاسکے۔
فورم کی تکنیکی کانفرنس میں پاکستان کی معدنیات اور جیولوجی سے متعلق 50 سے زائد تحقیقی مقالے پیش کیے جائیں گے، جن میں معدنی ذخائر کی تلاش، جدید تکنیک اور شعبے کو درپیش چیلنجز پر ماہرین اپنی تحقیق اور تجربات پیش کریں گے ، دو روزہ فورم کے دوران بین الاقوامی نمائش، منرل ایکسپو اور یورپی پویلین بھی قائم کیے جائیں گے، جہاں جدید کان کنی مشینری، معدنی نمونوں اور جدید ٹیکنالوجی کی نمائش ہوگی۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کو ملک کے معدنی شعبے میں عالمی سرمایہ کاری لانے، بین الاقوامی شراکت داری بڑھانے اور پاکستان کی معدنی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

