اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) اسلام آباد میں ونٹر لائٹ فیملی فیسٹیول کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے آگاہی پروگرام کی چھٹی قسط کا انعقاد دی ایجوکیٹرز قمر کیمپس، مین ڈبل روڈ پولیس فاؤنڈیشن میں کیا گیا۔
فیسٹیول کا اہتمام میڈیا آرٹ نیوز نے دی ایجوکیٹرز کے اشتراک سے کیا، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مجموعی طور پر 28 اسٹالز لگائے گئے، جن میں کھانے پینے اور ریفریشمنٹ، جیولری، ملبوسات، ہوم ڈیکور، آرٹس اینڈ کرافٹس سمیت دیگر اشیاء کے اسٹالز شامل تھے، جہاں شہریوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

تقریب میں بچوں کے لیے تفریحی سرگرمیوں اور جھولوں کا بھی اہتمام کیا گیا، جبکہ مختلف اسٹالز پر شہریوں کو خریداری اور تفریح کے مواقع فراہم کیے گئے ، پروگرام کا مقصد خواتین کو تعلیم، خود اعتمادی، قیادت اور معاشرتی ترقی کے حوالے سے آگاہی دینا تھا ، اس موقع پر دی ایجوکیٹرز قمر کیمپس کی جانب سے طالبات کے لیے خصوصی داخلہ سہولیات اور رعایتی مواقع کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا ، فیسٹیول میں خاندانوں، خواتین، بچوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے تقریب ایک بھرپور عوامی اور تفریحی سرگرمی کی شکل اختیار کر گئی۔

