پاکستان کو ای سی او کی آئندہ صدارت ملنے پر مبارکباد، 2027 میں سربراہی اجلاس بھی ہوگا

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان 2027 میں ای سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا ، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر ای سی او کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم نے علاقائی تعاون، روابط کے فروغ اور اقتصادی انضمام کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا، انہوں نے ’’مستحکم ای سی او کے لیے علاقائی احیا‘‘ کے عنوان سے پاکستان کی ترجیحات بھی اجاگر کیں اور 2027 میں ای سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی کے عزم کا اعادہ کیا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے ذریعے علاقائی تعاون، روابط کے فروغ اور اقتصادی انضمام کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، پاکستان 2027 میں ای سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔

ڈاکٹر اسد مجید خان نے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے بہترین انتظامات اور پاکستان کی جانب سے مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے پاکستان کو تنظیم کی آئندہ صدارت اور 2027 میں وزرائے خارجہ کونسل و سربراہی اجلاس کی میزبانی پر مبارک باد دی۔

ای سی او سیکرٹری جنرل نے کہا کہ یہ پیش رفت علاقائیت اور کثیرالجہتی تعاون کے حوالے سے پاکستان کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے ، ملاقات میں پاکستان اور ای سی او سیکرٹریٹ کے درمیان قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے، طے شدہ اقدامات پر مؤثر عملدرآمد اور علاقائی ترقی و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔