اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں 2027ء میں اسلام آباد میں ہونے والے کثیرالجہتی اجلاسوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹس اجلاس کی تیاریوں پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران پاکستان کی ترجیحات، علاقائی تعاون، اقتصادی شراکت داری اور علاقائی روابط کے فروغ سے متعلق امور زیر بحث آئے ، اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ مجوزہ اجلاسوں کے لیے تمام متعلقہ ادارے قریبی رابطے اور مؤثر ہم آہنگی یقینی بنائیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاسوں کی جامع اور ٹھوس تیاریوں کے ذریعے مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے اور کثیرالجہتی تنظیموں سمیت علاقائی شراکت داروں کے ساتھ پاکستان کے روابط مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔

