Three Nations Condemn Houthi Attacks, Reaffirm Commitment to Saudi Security Capitalnewspoint.com

حوثی حملوں کی مذمت، سعودی عرب کے دفاع کے لیے تینوں ممالک کا مشترکہ عزم

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے مابین مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون، علاقائی کشیدگی اور مشترکہ حکمت عملی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں تینوں ممالک نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ سیاسی اور عسکری مشاورت کے نتائج کا بھی جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے باہمی دلچسپی کے معاملات پر تعاون بڑھانے، علاقائی کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کی حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے سعودی عرب میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی کے تحفظ کے لیے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت اپنی کوششیں جاری رکھنے اور مزید تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

تینوں ممالک نے دفاعی صنعت، مشترکہ تکنیکی ترقی، فوجی تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا، تاکہ مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مسلح افواج کی صلاحیتوں اور باہمی ہم آہنگی کو بہتر بنایا جا سکے۔

میڈیا بریفنگ میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ کمیٹی پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور چیفس آف ڈیفنس فورسز و جنرل اسٹاف پر مشتمل ہے ، پاکستان کی جانب سے اجلاس میں اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔

سعودی وفد میں وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی شامل تھے، جبکہ ترکیے کی نمائندگی وزیر خارجہ ہاکان فیدان، وزیر قومی دفاع یاشار گولر اور چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بیرقدار اوغلو نے کی ، اسحاق ڈار کے مطابق اجلاس میں گزشتہ ملاقاتوں کے فیصلوں پر عمل درآمد کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور سعودی عرب میں دفاعی اتحاد کے سیکریٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ یہ اجلاس تینوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی، یکجہتی اور دفاعی تعاون کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ علاقائی و عالمی امن اور سلامتی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی اجاگر کرتا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی سیاسی اور عسکری مشاورت خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ سکیورٹی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔