یورپی یونین نے رینا رتھ کیونکا کو پاکستان میں ای یو ڈیلیگیشن کا سربراہ مقرر کردیا ہے۔
وہ اس وقت جنوبی افریقہ میں یورپی یونین کے وفد کی سربراہ ہیں۔ اس سے قبل وہ یورپی کونسل کے سابق صدر ڈونلڈ ٹسک کی خارجہ پالیسی کی مشیر رہ چکی ہیں۔
اس حوالے سے یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ان کے تقرر کی منظوری یورپی خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے دی۔
اسٹونیا سے تعلق رکھنے والی رینا رتھ کیونکا 1960 میں امریکہ میں پیدا ہوئیں۔ 1993 میں تکمیل تعلیم کے بعد انہوں نے اسٹونیا کی وزارت خارجہ میں شمولیت اختیار کی۔
بعد ازاں 2005 میں انہوں نے کونسل آف دی یورپین یونین میں ملازمت شروع کردی۔2007 میں وہ ہاویئر سولانا کی انسانی حقوق کیلئے خصوصی نمائندہ اور 2014 میں سابق کونسل صدر ڈونلڈ ٹسک کا خارجہ پالیسی کیلئے مشیر مقرر کیا گیا۔ وہ 1986 میں کچھ عرصہ ‘ریڈیو فری یورپ’ کے ساتھ بطور انٹرن بھی منسلک رہ چکی ہیں۔