پاکستان کرکٹ بورڈ نے مینز سینٹرل کنٹریکٹ برائے 23-2022 کا اعلان کردیا ہے۔ نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا، جہاں ریڈبال اور وائیٹ بال دونوں کی مختلف کٹیگریز میں مجموعی طور پر 33 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ گزشتہ سیزن میں پی سی بی نے 20 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا تھا۔
تینوں طرز کی کرکٹ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، امام الحق اور حسن علی کو ریڈبال اور وائیٹ بال دونوں طرز کی کرکٹ کے کنٹریکٹ دئیے گئے ہیں۔
ان کے علاوہ 10 کھلاڑیوں کو صرف ریڈ بال کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔ ان کھلاڑیوں میں اظہر علی کو اے کٹیگری جبکہ فواد عالم کو بی کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ عبد اللہ شفیق، نعمان علی اور نسیم شاہ کو ریڈ بال کی سی کٹیگری جبکہ سرفراز احمد، شان مسعود، یاسر شاہ، عابد علی اور سعود شکیل کو ڈی کٹیگری شامل کیا گیا ہے۔
اسی طرح 11 کھلاڑیوں کو صرف وائیٹ بال کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔ ان کھلاڑیوں میں فخر زمان اور شاداب خان کو اے کٹیگری جبکہ حارث رؤف کو بی کٹیگری اور محمد نواز کو وائیٹ بال کنٹریکٹ کی سی کٹیگری کا حصہ بنایا گیا ہے۔ شاہنواز دھانی، عثمان قادر، حیدر علی، آصف علی، خوشدل شاہ ، زاہد محمود اور محمد وسیم جونیئر کو بھی اس طرز کی کرکٹ کے کنٹریکٹ کی ڈی کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سات کھلاڑیوں کو ایمرجنگ کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ علی عثمان، حسیب اللہ، کامران غلام، قاسم اکرم، محمد حارث، محمد حریرہ اور سلمان علی آغا اس کٹیگری کا حصہ ہیں۔