الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سندھ کے بلدیاتی اور این اے 245 کا ضمنی الیکشن ملتوی کر دیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ چیف سیکرٹری سندھ کی درخواست پربلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق بارشوں کے باعث بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے ہیں۔ سندھ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انتخابات اگست کے تیسرے ہفتے میں ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے 16 اضلاع میں انتخابات ہونے تھے۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سمری چیف سیکرٹری سندھ نے الیکشن کمیشن کو بھیجی تھی۔
چیف سیکریٹری سندھ نے مراسلہ میں کہا کہ سندھ میں 22 جولائی سے شدید بارشوں کا امکان ہے۔ سندھ میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 24 جولائی کو شیڈول تھے۔
دوسری طرف ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ این اے 245 کراچی کا الیکشن بھی ملتوی کر دیا گیا جو اب 21 اگست 2022 کو ہوگا، فیصلہ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کی رپورٹ، عوام کی درخواستوں اور محکمہ موسمیات کی رپورٹ پر کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی وفات کے بعد این اے 245 کی سیٹ خالی ہوئی تھی جس پر پاکستان تحریک انصاف، ایم کیو ایم، تحریک لبیک پاکستان اور آزاد امیدوار فاروق ستار الیکشن میں ایک دوسرے کے مقابل تھے۔