امریکی وسط مدتی انتخابات، جوبائیڈن اور ٹرمپ کی انتخابی مہم جاری

امریکی صدر بائیڈن اور سابق صدر ٹرمپ کی ووٹرز کو لبھانے کے لیے انتخابی مہم جاری ہے۔امریکا میں منگل کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات کی انتخابی مہم کے سلسلے میں بائیڈن نیو یارک اور ٹرمپ میامی پہنچے۔

وسط مدتی انتخابات کے لیے 4 کروڑ امریکی پہلے ہی ووٹ کاسٹ کر چکے ہیں اگر چہ ڈیموکریٹس اور ری پبلکن دونوں ہی جیت کے دعوے کررہے ہیں۔

ٹرمپ کیمپ کے کئی ریپبلکن رہنما انتخابات سے پہلے ہی سازشی نظریات اور نتائج پر شکوک کا اظہار کر چکے ہیں۔اس کے علاوہ مختلف پولز میں ریپبلکنز کو ایوان نمائندگان اور سینیٹ کی دوڑ میں آ گے دکھایا گیا ہے۔

امریکا میں بڑھتی مہنگائی اور غیر قانونی امیگریشن ڈیمو کریٹس کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔بائیڈن نے انتخابات کو امریکی جمہوریت کے لیے فیصلہ کن لمحہ قرار دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ منگل کو ایوان نمائندگان کی تمام 435، سینیٹ کی 35 نشستوں پر معرکہ ہوگا، 50 ریاستوں میں سے36 میں گورنر بھی چنے جائیں گے، جبکہ ریاستی اسمبلیوں اور مقامی سطح پر بھی انتخابات ہوں گے۔