ترک وفد کا اے این ایف ہیڈکوارٹرز کا دورہ، انسدادِ منشیات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس ملک اور بیرون ملک منشیات کے خاتمہ کے مشترکہ اقدامات کیلئے کوشاں ہے ، سیکریٹری جنرل انٹرنیشنل فیڈریشن آف گرین کریسنٹ کی سربراہی میں ترکیہ کے اعلیٰ سطح کے وفد نے اے این ایف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، دورے میں وفد کو اے این ایف کے تنظیمی ڈھانچے، نمایاں کامیابیوں، انسدادِ منشیات، بحالی اور آگاہی سے متعلق جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

دورے میں وفد کو اینٹی نارکوٹکس فورس کے بحالی کیلئے قائم ماڈل ایڈکشن ٹریٹمنٹ اینڈ ری ہیبلی ٹیشن سینٹرز کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا ، علاوہ ازیں اینٹی نارکوٹکس فورس کے ہیڈ کوارٹرز کے دورہ کے دوران منشیات سے بچاؤ اور بحالی کے مشترکہ اہداف کے فروغ پر اتفاق کیا گیا، ملاقات کے دوران تعاون کے فروغ اور منشیات سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن معاونت کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

ملاقات میں ترکیہ کے پاکستان میں موجود ڈرگ لائژن آفیسر آفس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان رابطہ اور معلومات کے تبادلہ کو مزید موثر بنائے جانے پراتفاق کیا علاوہ ازیں ترک وفد نے منشیات کے ناسور کے خلاف اینٹی نارکوٹکس فورس کی نمایاں کامیابیوں اور ویژن کو بھی سراہا۔