نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے ہرادیا،پاکستانی سیمی فائنل سے باہر

بنگلور(سی این پی)آئی سی سی ورلڈ کپ کے 41 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔بنگلورو کے ایم چنا سوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 172 رنز کا ہدف دیا تھا جسے کیوی ٹیم نے 23.2 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔اس کامیابی کے بعد نیوزی لینڈ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں جبکہ پاکستان سیمی فائنل سے باہر ہوگیاہے۔پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر برقرار ہے جبکہ میچ کے بعد کیویز کا نیٹ رن ریٹ بھی مزید بہتر ہونے کے بعد 0.398 سے بڑھ کر 0.743 ہوگیا ہے۔

ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ ڈیون کانوائے اور رچن رویندرا 45،45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیرل مچل 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔کین ولیمسن 14 اور مارک چپمین 7 رنز بناسکے۔ گلین فلپس نے 17 اور تام لیتھم نے 2 رنز کے ساتھ میچ کو اختتام تک پہنچایا۔سری لنکا کی طرف سے اینجلو میتھیوز نے 2، دشمانتھا چمیرا اور مہیش تیکھشانا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔سری لنکن ٹیم 46.4 اوورز میں 171 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، اوپنر پاتھم نسانکا 2، کپتان کوشل مینڈس 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔دیگر کھلاڑیوں میں چارتھ اسالنکا 8، اینجلو میتھیوز 16، دھننجایا ڈی سلوا 19، چمیکا کرونارتنے 6 اور سدیرا سمارا وکرما اور چمیرا ایک ایک رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ آئی لینڈرز کی جانب سے کوشل پریرا سب سے زیادہ 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔ دسویں وکٹ کی شراکت میں مہیش تھیکشنا اور دلشان مدھوشانکا نے 43 رنز کی شراکت قائم کی تاہم مدھوشانکا وکٹ گنوا بیٹھے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 3، مچل سینٹنر، راچن رویندرا اور لوکی فرگوسن نے 2، 2 جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ اوور کاسٹ کنڈیشنز ہیں اس وجہ سے پہلے فیلڈنگ کرنا چاہتے ہیں۔