لاہور قلندرز اپنا پانچواں میچ بھی ہار گئی، زلمی 8 رنز سے کامیاب

لاہور(سی این پی) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 12 ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 8 رنز سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے 212 رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بناسکی۔

قبل ازیں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے۔ اوپنرز بابراعظم اور صائم ایوب نے ٹیم کو 136 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

صائم ایوب نے 55 گیندوں پر 88 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

بابراعظم نے 48 اور روومن پوویل نے 46 رنز بنائے۔ آصف علی 6 رنز بناسکے جبکہ محمد حارث 12 اور پال والٹر 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کی طرف سے شاہین آفریدی نے 3 اور جہانداد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔