ٹی 20ورلڈ کپ : انگلینڈ کی ٹیم امریکا کو شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گئی

نیو یارک(سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ کی ٹیم امریکا کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔دونوں ٹیموں کے درمیان میچ برج ٹاؤن میں کھیلا گیا۔ جس میں انگلینڈ نے امریکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔انگلش بولرز کے سامنے امریکی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 19 اوور میں 115 رنز پر پوری ٹیم ڈھیر ہوگئی۔امریکا کی بیٹنگ لائن تباہ کرنے میں کرس جارڈن نے اہم کردار ادا کیا انھوں نے ہیٹ ٹرک بنانے کے ساتھ 4 وکٹیں حاصل کیں۔کرس جارڈن نے کورے اینڈرسن ، علی خان ، نوستوش اور سرابھ کی وکٹیں لے کر ایک اوور میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں انگلینڈ نے 116 رنز کا ہدف 9.4 اوورز میں باآسانی پورا کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔انگلش اوپنر جوز بٹلر نے 38 گیندوں پر 83 رنز کی دھواں دھار اننگ کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ جب کہ دوسرے اوپنر فل سالٹ نے بھی ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 21 گیندوں پر 25 رنز بنا کر جوز بٹلر کا بھرپور ساتھ دیا۔