پاک چین رشتے پر بدلتا عالمی منظر نامہ اثرانداز نہیں ہوا، چینی صدر کا وزیرِاعظم کو خط

اسلام آباد: چینی صدر عزت مآب شی جن پنگ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے ایک خط ارسال کیا ہے۔یہ خط، پاک چین سفارتی تعلقات کی مضبوطی کی ایک اہم علامت ہے۔خط میں چینی صدر نے کہا ہے کہ “آپ کی سالگرہ پر نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔ پاکستان اور چین ہمیشہ کٹھن اور اچھے وقتوں کے شراکت دار رہے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر ہمیشہ بھروسہ کیا اور ساتھ دیا۔شی جن پنگ نے مزید کہا کہ “دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط رشتہ قائم ہوا ہے، جس پر بین الاقوامی منظرنامے کی تبدیلی کا اثر نہیں پڑا۔ رواں برس جون میں آپ کا چین کا کامیاب دورہ ہمارے مابین خوشگوار تبادلہ خیال کا باعث بنا اور متعدد امور پر اتفاق ہوا۔ چین-پاکستان تعلقات کی مضبوطی میرے لیے بہت اہم ہے۔”چینی صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ وزیرِ اعظم کے ساتھ مل کر چین پاکستان اسٹریٹجک تعاون اور سی پیک کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ مختلف شعبوں میں تعاون اور دونوں ممالک کے لوگوں کے مابین گہرے تعلقات کے لیے پرعزم ہیں تاکہ مشترکہ مستقبل کے لیے کام کر سکیں۔ آخر میں انہوں نے وزیرِ اعظم کے لیے صحت اور کامیابی کی دعا کی۔