سارک اسنوکر چیمپئین شپ، روایتی حریف بھارتی کھلاڑی کو نسیم کے ہاتھوں شکست

کولمبو۔تیسری سارک اسنوکر چیمپئن شپ میں عالمی چیمپئن محمد آصف کے بعد سابق عالمی جونیئر چیمپئن محمد نسیم اختر نے بھی اپنے گروپ کا دوسرا میچ جیت لیا، جہاں انہوں نے روایتی حریف بھارت کے کھلاڑی کو شکست دی۔

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں جاری تیسری سارک اسنوکر چیمپئن شپ کے دوسرے دن، گروپ اے کے میچ میں پاکستان کے محمد نسیم اختر نے سخت مقابلے کے بعد بھارتی کھلاڑی ہارس گپتا کو 2-4 سے شکست دی۔

گروپ اے کے پہلے میچ میں نسیم اختر نے سری لنکا کے سوسانتھا بوتھیجو کو 0-4 سے ہرایا تھا۔ راونڈ لیگ کے پہلے میچ میں گروپ سی کے نمبر ایک سیڈ اور تین مرتبہ کے عالمی چیمپئن محمد آصف نے میزبان کھلاڑی مورو گیسو پراتھپ کو 0-4 سے شکست دی اور دوسرے میچ میں بنگلا دیش کے احمد نظام الدین کے خلاف 1-4 سے کامیابی حاصل کی۔