کل تحریری مطالبات پیش کریں گے، حکومت نیک نیتی کیساتھ بیٹھے تو مسائل کا حل نکل سکتا ہے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا تیسرا سیشن کل ہوگا، جس میں ہمارے مطالبات تحریری طور پر جمع کرائے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر حکومت خلوص اور سنجیدگی کے ساتھ بات چیت کرے تو تمام مسائل کا حل ممکن ہے۔

سیشن کورٹ اسلام آباد کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ آج کی کمپلینٹ مکمل طور پر نجی نوعیت کی ہے، جس کا طریقہ کار مختلف ہوتا ہے۔ ہم نے اپنے 12 شہداء اور 49 زخمیوں کا ذکر کیا تھا، جن میں سے دو مزید افراد شہید ہو چکے ہیں۔ ان کا ڈیٹا بھی عدالت میں جمع کروایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کمپلینٹ پر کارروائی آئندہ مرحلوں میں ہوگی۔ مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام اور جمہوریت کے لیے ضروری ہے کہ سیاسی قیدیوں کو ریلیف اور رہائی دی جائے۔

بیرسٹر گوہر نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات کا عمل جلد مکمل ہوگا اور قوم کو خوشخبری ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف جتنے بھی مقدمات بنائے جا سکتے تھے، وہ بنا دیے گئے ہیں اور اب وہ ایک سیاسی قیدی ہیں، جنہیں رہائی ملنی چاہیے۔