اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) ویسٹ منسٹر اسکول میں ایک بچی کے ساتھ مبینہ ہراسگی کے واقعے پر نیشنل کمیشن آن رائٹس آف چائلڈ (این سی آر سی) میں ان کیمرہ بریفنگ کا سلسلہ جاری ہے ، ذرائع کے مطابق متاثرہ بچی کے والدین نے چیئرپرسن این سی آر سی سے ملاقات کی اور انہیں اپنی بچی کے ساتھ پیش آنے والے مبینہ واقعے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
این سی آر سی حکام کے مطابق معاملہ ہائی پروفائل ہونے کے باعث کیس میں شامل فریقین کا مؤقف الگ الگ سنا جا رہا ہے تاکہ تمام پہلوؤں کا غیر جانب دارانہ جائزہ لیا جاسکے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچی کے والدین کا مؤقف سننے کے بعد متعلقہ اسکول کی پرنسپل اور دیگر اسٹاف کو بھی طلب کرکے ان کا مؤقف لیا جائے گا۔
این سی آر سی میں بریفنگ کے دوران دیگر بچوں کے والدین کی موجودگی کی بھی اطلاعات ہیں، جبکہ کمیشن کی جانب سے معاملے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے ، حکام کے مطابق تحقیقات کے دوران تمام فریقین کا مؤقف سامنے آنے کے بعد ہی معاملے پر مزید پیش رفت کی جائے گی۔

