اسلام آباد۔وفاقی حکومت کے ریونیو میں ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 207 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ایک دستاویز کے مطابق، وفاقی حکومت نے مالی سال 2023-24 میں 577 ارب روپے جمع کیے ہیں، جس کے نتیجے میں حکومت کے ریونیو میں ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 207 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
دستاویز کے مطابق سگریٹس، سیمنٹ، مشروبات، ایئر ٹکٹ، اور کھاد پر ٹیکس ریونیو میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح پیٹرولیم، دودھ، کریم، جوسز، سیرپ، اور الکوحل سے بھی ٹیکس وصولی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت 56 فیصد زیادہ ایکسائز ڈیوٹی وصول کی گئی۔ دستاویز میں بتایا گیا کہ سگریٹس پر ڈیوٹی میں 95 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں وصولی 237 ارب روپے سے تجاوز کر گئی۔ اسی طرح سیمنٹ پر پہلے کے مقابلے میں 11.32 ارب زیادہ وصول کیے گئے، جو مجموعی طور پر 77 ارب 71 کروڑ روپے کی وصولی بنتی ہے۔
سوڈا واٹر مشروبات پر ٹیکس وصولی میں 113 فیصد اضافہ ہوا، جس سے 36.50 ارب روپے جمع ہوئے۔ فضائی ٹکٹ پر ٹیکس وصولی میں 7.22 ارب روپے کا اضافہ ہوا، اور اس سے کل وصولی 47 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ کھاد پر ایک سال میں 29 ارب روپے سے زیادہ ایکسائز ڈیوٹی وصول کی گئی۔اسی طرح دودھ اور کریم کے استعمال میں اضافہ ہونے سے ایکسائز ڈیوٹی ریونیو 5 ارب روپے تک پہنچا۔