وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ کمیٹی نے وزارت سائنس کے 6 اداروں کو بند کرنے اور چار اداروں کو ضم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ رائٹ سائزنگ کمیٹی نے وزارت سائنس کے صرف 6 اداروں کو کم افرادی قوت کے ساتھ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ باقی ادارے ختم یا ضم کیے جائیں گے۔ وزارت سائنس سے رائٹ سائزنگ سے متعلق سفارشات پر عملدرآمد کی رپورٹ 20 جولائی تک طلب کی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق، کونسل فار ورکس اینڈ ہاؤسنگ ریسرچ، پاکستان کونسل فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو بند کرنے، پاکستان کونسل فار رینیوایبل انرجی ٹیکنالوجی کو ضم یا ختم کرنے، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس کو ضم یا ختم کرنے اور سائنٹیفک ٹیکنالوجیکل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کو ختم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
رائٹ سائزنگ کمیٹی نے پاکستان حلال اتھارٹی کے تھرڈ پارٹی جائزے کی ہدایت دی، جبکہ پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کو ڈیجیٹلائز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ نسٹ کو معیار میں بہتری لانے اور 100 یونیورسٹیوں میں اپنی جگہ بنانے کا پلان پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔