اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس،شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ موخر

اسلام آباد(سی این پی)احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں زیر سماعت سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار وغیرہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں وکیل صفائی کی استدعا پر شریک ملزمان کی بریت درخواستوں پر فیصلہ موخر کردیاگیا۔گذشتہ روز سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی، شریک ملزمان کے وکلا عدالت پیش ہوئے، عدالت نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے متعلقہ ریکارڈ واپس عدالت آگیا ہے، اس موقع پر شریک ملزمان کے وکلاء نے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ نہ سنانے کی استدعا کی، قاضی مصباح ایڈووکیٹ نے کہاکہ عدالت تمام دلائل کو ایک بار ری فریش کرنے کی اجازت دے،نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ اسکی ضرورت نہیں،سب چیزیں عدالت کے سامنے آ چکی ہیں،عدالت نے کہاکہ قانون کے تحت ملزمان کے وکلاء کو یہ حق حاصل ہے، عدالت نے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ پھر موخر کرتے ہوئے سماعت 6اپریل تک کیلئے ملتوی کر دی۔واضع رہے کہ شریک ملزمان نے نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت ریفرنس کو دوبارہ چیلنج کر رکھا ہے۔