پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی قومی طاقت کی اساس ہے۔ سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری

لاہور (سٹاف رپورٹر)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند اور ترقی پسند ملک ہے جہاں بین المذاہب ہم آہنگی قومی طاقت کی اساس ہے، دشمن ہماری قومی یکجہتی اور اتحاد کی وجہ سے اپنے مذموم مقاصد میں ہمیشہ ناکام رہے گا۔ لاہور میں مختلف مذاہب کے نمائندوں اور نوجوانوں سے خصوصی نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے آپریشن ’’بنیان مرصوص ‘‘میں پاک افواج کی کامیابی کو پوری قوم کی اجتماعی فتح قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل اور دشمن کے سامنے بلا امتیاز مذہب سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہو کر فتح یاب ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ تاریخ، قومی نصب العین اور حب الوطنی کی بدولت یک دل اور یک جان ہیں۔ پاکستان ایک امن پسند اور ترقی پسند ملک ہے جہاں بین المذاہب ہم آہنگی قومی طاقت کی اساس ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے زور دیا کہ دشمن ہماری قومی یکجہتی اور اتحاد کی وجہ سے اپنے مذموم مقاصد میں ہمیشہ ناکام رہے گا۔انہوں نے وطن عزیز کے روشن مستقبل کے لیے نوجوانوں کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا۔ تقریب میں طلبہ و طالبات نے آپریشن’’ بنیان مرصوص ‘‘کی تاریخی فتح پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا.