راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائی کے دوران آٹھ ہندوستانی سپانسر شدہ خوارج کو جہنم واصل کردیا۔جمعہ کوآئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق ہندوستانی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد آٹھ ہندوستانی سپانسر شدہ خوارج کو جہنم واصل کردیا۔
مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارےنیشنل ایکشن پلان کے مطابق وفاقی اپیکس کمیٹی کی طرف سے منظور شدہ وژن “عزم استحکام”کے تحت انسداد دہشت گردی مہم کے طور پر علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے ہندوستانی سپانسر شدہ خارجی کو ختم کرنے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں جو دہشت گردی کے خطرے اور غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے پوری شدت سے جاری رہے گا۔

