صدرآصف علی زرداری کا خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ’’عزمِ استحکام‘‘کے تحت دہشت گردی کے ناسُور کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ایوانِ صدر کے میڈیا وِنگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر شمالی وزیرستان اور درہ آدم خیل میں کی گئی کارروائیوں میں کامیابی کو قوم کے عزم و استقلال کا مظہر قرار دیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور اس کے بھارت نواز سہولت کار پاکستان کے امن و استحکام کے دشمن ہیں، وطنِ عزیز سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ قومی اتفاقِ رائے سے کیا جارہا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہداء کو خراجِ عقیدت اور سکیورٹی فورسز کے عزم و حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ’’عزمِ استحکام‘‘کے تحت دہشت گردی کے ناسُور کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔