عالمی امن جرگہ ملک میں سرمایہ کاری اور ترقی کے لیے نیشنل این جی او الائنس قائم کرے گا، رعیّت اللہ خان (خان بابا) کا اعلان

اسلام آباد( سٹاف رپورٹر )ورلڈ پیس جرگہ پروگرام کے چیئرمین رعا یت اللہ خان (خان بابا)نے کہا ہے کہ عالمی امن جرگہ پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری لانے اور ملک بھر کی کمیونٹیز کو ترقی دینے کے لیے پرعزم ہے، اسی مقصد کے لیے عالمی امن جرگہ نے ملک گیر سطح پر ایک این جی او الائنس کے قیام کا اعلان کیا ہے، جو سماجی بھلائی کے اداروں کو متحد کرے گا، ڈونر فنڈنگ میں اضافہ کرے گا اور ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتار عملدرآمد ممکن بنائے گا،عالمی امن جرگہ جلد ہی برطانیہ امریکہ اور کینیڈامیں بھی ڈونر کانفرنسز منعقد کرے گا تاکہ پاکستان کے لیے عالمی سرمایہ کاری اور مالی معاونت حاصل کی جا سکے .

انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب کیمپ آفس راولپنڈی میں جرگہ اراکین کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، رعا یت اللہ خان (خان بابا)نے جنرل سید عاصم منیر کو آئندہ پانچ سال کے لیے چیف آف ڈیفنس فورسز منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ایمانداری، فرض شناسی اور پاکستان کی سیکیورٹی و خوشحالی کے لیے خدمات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں،جنرل عاصم منیر نے ہر دور میں جرگہ سسٹم کی اہمیت کو تسلیم کیا اور اسے قومی یکجہتی و امن کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ آج پاکستان کو پہلے سے کہیں زیادہ ایک مضبوط جرگہ سسٹم کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں دیرپا امن، روزگار کے مواقع اور سماجی و معاشی ترقی ممکن ہو سکے،انہوں نےملک بھر کے عالمی امن جرگے کے وفاقی صوبائ ڈویژنل اور ضلعی سطح پر نئے منتخب ہونے والے تمام جرگہ ممبران کو بھی حلف برداری پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انتخاب عوام کے اعتماد اور قومی اتحاد کی علامت ہے۔ ان کی قیادت میں عالمی امن جرگہ امن، خدمتِ خلق اور ترقی کے مشن کو مزید وسعت دے گا۔ گزشتہ برسوں میں عالمی امن جرگہ نے پاکستان بھر میں متعدد سیمینارز اور امن کانفرنسز کا انعقاد کیا اور اب ہم ملکی و بین الاقوامی سطح پر بڑے ڈونر کانفرنسز کی تیاری کر رہے ہیں .

تاکہ پاکستان کو عالمی سطح پر نمائندگی دی جا سکے۔ ہمارا جرگہ کوئی روایتی فورم نہیں، بلکہ ایک جدید اور ترقی یافتہ پلیٹ فارم ہے جو زراعت، معدنیات، سیاحت، صحت، تعلیم اور خواتین کو بااختیار بنا نے جیسے اہم شعبوں میں ملک کی خدمت کے لیے تیار ہے، اس موقع پر ورلڈ پیس جرگہ پروگرام کی صدر سعدیہ خان عرف خان بی بی نے کہا کہ عالمی امن جرگہ پورے ملک کے صوبوں، ڈویژنز اور اضلاع میں طاقتور تنظیمی ڈھانچے کے ساتھ قائم ہے، جہاں جرگہ ممبران قومی اتحاد، ہم آہنگی اور ترقی کی خدمت میں مصروف ہیں۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں اور پاک فوج کی سرپرستی سے جرگہ سسٹم ملک میں امن اور انصاف کا مضبوط ستون بن چکا ہے،پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے۔ ہمیں صرف اتحاد، امن اور عزم کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنی پوری صلاحیت استعمال کر سکیں۔

جرگہ محبت، بھائی چارے اور امن کا پیغام لے کر کھڑا ہے۔ اب وقت ہے کہ نفرت کو ختم کیا جائے، اندرونی دشمنوں کو شکست دی جائے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک پرامن اور خوشحال پاکستان تعمیر کیا جائے، انہوں نے صدرِ پاکستان، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف جسٹس سپریم کورٹ سے درخواست کی کہ وہ انکے آئندہ ہونے والے پروگرامز کی سرپرستی کریں،نائب چیئرمین عالمی امن جرگہ اسلام آباد افتخار علی کی سربراہی میں جلد نئی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی تاکہ تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے.