چین میں پاک بحریہ کی ہنگور کلاس آبدوز ’’غازی‘‘ لانچ، چاروں آبدوزیں سی ٹرائلز مرحلے میں داخل

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )چین میں زیرِ تعمیر پاک بحریہ کی ہنگور کلاس کی چوتھی آبدوز ’’غازی‘‘ کو کامیابی کے ساتھ لانچ کر دیا گیا ہے، جس کے ساتھ ہی پاکستان نے ایک اور اہم دفاعی سنگِ میل عبور کر لیا ہے آئی ایس پی آر کے مطابق آبدوز کی لانچنگ چین کے شہر ووہان میں واقع شوانگ لیو بیس پر عمل میں آئی۔ لانچنگ کے بعد چین میں تیار کی جانے والی پاک بحریہ کی چاروں ہنگور کلاس آبدوزیں سخت سمندری آزمائشوں (سی ٹرائلز) کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں اور جلد پاکستان کے حوالے کیے جانے کے آخری مراحل میں ہیں بیان کے مطابق حکومتِ پاکستان اور چین کے درمیان ہنگور کلاس کی آٹھ آبدوزوں کے حصول کا معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت چار آبدوزیں چین میں جبکہ باقی چار پاکستان میں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے تحت تیار کی جا رہی ہیں۔

یہ جدید ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہوں گی، جو طویل فاصلے سے اہداف کو نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ یہ آبدوزیں خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے، بحری دفاع کو مضبوط بنانے اور امن و استحکام کے قیام میں کلیدی کردار ادا کریں گی آبدوز کی لانچنگ کی تقریب میں پاکستان اور چین کے سینئر حکام نے شرکت کی، جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے، مضبوط اور دیرینہ دفاعی تعاون کا واضح مظہر ہے۔