سینیئر صحافی محسن بیگ کے خلاف درج مقدمہ خارج کرنےکاعدالتی فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
سابق وفاقی وزیر اور رہنما تحریک انصاف مراد سعید نے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں انٹراکورٹ اپیل دائر کی ہے۔
درخواست میں مراد سعید نے مؤقف اختیار کیا ہےکہ محسن بیگ نےمیرے متعلق توہین آمیز اور ذو معنی گفتگو کی جس سے میری ساکھ کو نقصان پہنچا،10 فروری2022 کو ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ لاہورکو مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی تھی، سنگل بینچ نے8 اپریل کو مجھے سنے بغیرمقدمہ خارج کرنے کا فیصلہ سنایا۔
انٹراکورٹ اپیل میں مراد سعید کا کہنا ہےکہ سنگل بینچ نے مقدمہ خارج کرنے سے قبل مجھے نوٹس جاری کیا نہ ہی مجھے سنا گیا، ایف آئی آر لاہور میں درج ہوئی تھی، عدالت نے دائرہ اختیار کے نکتہ کوبھی مدنظر نہیں رکھا۔
مراد سعید نے استدعا کی ہےکہ محسن بیگ کے خلاف درج مقدمہ خارج کرنےکا 8 اپریل کا فیصلہ کالعدم قراردیا جائے۔