آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی الٹی گنتی شروع، افتتاحی میچ 12 جون کو انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ہوگا

کولمبو (ویب ڈیسک)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے آغاز میں اب صرف ایک سو دن باقی رہ گئے ہیں اور اس موقع پر دنیا بھر کے کرکٹ میدانوں میں عالمی مقابلوں کی الٹی گنتی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا پہلا مقابلہ12جون 2026کو برمنگھم کے تاریخی میدان ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا جہاں میزبان انگلینڈ کا سامنا سری لنکا سے ہوگا۔ ایک سو دن مکمل ہونے پر ایجبسٹن کی مشہور ریزلٹ سکرین کو خصوصی انداز میں الٹی گنتی کی شکل دے دی گئی جس نے شائقینِ کرکٹ کے جوش میں اضافہ کر دیا ، اس موقع پر انگلینڈ ویمن ٹیم کی کپتان نیٹ اسکیور برنٹ اپنی ساتھی کھلاڑیوں صوفیہ ڈنکلے اور لارین فائلر کے ہمراہ موجود تھیں اور انہوں نے شائقین کے ساتھ اس یادگار لمحے کو منایا۔برطانیہ کے دیگر میزبان میدانوں میں بھی الٹی گنتی نمایاں کی گئی جن میں مانچسٹر کا اولڈ ٹریفورڈ کرکٹ گراؤنڈ، لیڈز کا ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ، ساؤتھمپٹن کا ہیمپشائر باؤل، برسٹل کا برسٹل کاؤنٹی گراؤنڈ، لندن کا دی اوول کرکٹ گراؤنڈ اور لارڈز کرکٹ گراؤنڈ شامل ہیں۔

عالمی سطح پر بھی متعدد معروف میدانوں نے اس مہم میں شرکت کی جن میں آسٹریلیا کا سڈنی کرکٹ گراؤنڈ، بھارت کا ایڈن گارڈنز، نیوزی لینڈ کا بیسن ریزرو، پاکستان کا قذافی اسٹیڈیم، جنوبی افریقہ کا ونڈررز کرکٹ اسٹیڈیم، سری لنکا کا آر پریماداسا اسٹیڈیم اور ویسٹ انڈیز کا کینسنگٹن اوول قابلِ ذکر ہیں۔ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کے مطابق صرف ایک سو دن بعد انگلینڈ اور ویلز میں دنیا کی بہترین خواتین کرکٹرز عالمی اعزاز کے لیے میدان میں اتریں گی۔

اب تک ایک لاکھ پندرہ ہزار سے زائد داخلہ ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں جو اس ایونٹ کی غیر معمولی مقبولیت کا ثبوت ہیں۔یہ عالمی مقابلے12 جون سے 5 جولائی2026تک جاری رہیں گے جن میں24دنوں کے دوران 33 میچ کھیلے جائیں گے۔ اس بار12ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدِ مقابل ہوں گی جبکہ موجودہ عالمی چیمپئن نیوزی لینڈ اپنی فتح کا دفاع کرے گا۔ شائقین کے لیے یہ سنہری موقع ہے کہ وہ خواتین کرکٹ کے اس عالمی میلے کا حصہ بنیں اور اپنی نشستیں بروقت محفوظ بنائیں۔