پارلیمانی سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب سلطان طارق باجوہ کا واسا مری کا دورہ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو ترجیح

مری(سٹی رپورٹر )پارلیمانی سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب سلطان طارق باجوہ نے واسا مری کا دورہ کیا اور ادارے کی کارکردگی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ سلطان باجوہ نے کہا کہ واسا مری کا قیام محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کی عکاسی کرتا ہے اور پنجاب بھر میں صاف پانی کی فراہمی اور نکاسیٔ آب کے نظام کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری نے مری میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح قرار دیتے ہوئے سروس ڈیلیوری اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔ واسا مری کی مختصر مدت میں نمایاں کارکردگی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا ، منیجنگ ڈائریکٹر واسا مری عظیم شوکت اعوان نے پارلیمانی سیکرٹری کو مری میں پانی کے ذرائع، ترسیل کے نظام، فلٹریشن پلانٹس، مین ہول کورز اور نالوں کی صفائی کے جاری عمل، اور فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ واسا مری نے ساڑھے آٹھ لاکھ گیلن یومیہ پانی کی فراہمی میں اضافہ کیا ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری ہاؤسنگ نے مال روڈ اور تاریخی ٹونلے واٹر ٹینک کا بھی دورہ کیا اور جاری کاموں کا جائزہ لیا۔