سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے کیے کا خود شکار ہوئے، ان کا سیاست سے کوئی واسطہ نہیں، پرویز الہیٰ وعدہ کرکے بھاگ گیا لیکن اس کا بڑا بھائی ساتھ کھڑا ہے۔
آصف علی زرداری نے نواب شاہ کے علاقے باندھی میں عید ملن پارٹی میں کارکنوں سے خطاب میں کہاکہ ظالموں کے چہرے بدلتے رہتے ہیں، وہ کبھی مشرف اور کبھی ضیاء الحق کی شکل میں آتے ہیں۔ آج کا ظالم عمران خان ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ انہوں نے پہلے کہا تھا عمران خان نہیں بچے گا، بہت سے دوست پوچھتے تھے یہ کیسے ہوگا؟ ان سے کہتا تھا یہ اپنے فعل سے ہی گرے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک کی معیشت ٹوئٹر پر چار لائنیں لکھنے سے نہیں چلتی، عمران نیازی نے عوامی ضروریات پر وہ کاری ضرب لگائی کہ عوام بلبلا اٹھے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ اب جو حکومت بنی ہے امید ہے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ زبان کے پکے ہیں، اتحادیوں کے ساتھ جو بھی وعدے کیے ہیں وہ وفا ہوں گے۔