پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت و بہبود آبادی سماء ناز عباسی کا نیشنل پریس کلب کا دورہ، صحافیوں کی فلاح پر زور

اسلام آباد(سٹی رپورٹر)پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت و بہبود آبادی اسماء ناز عباسی نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں عابد عباسی ودیگر عہدیداران اور ممبران پریس کلب نےانہیں خوش آمدید کہا،اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری اسماء ناز عباسی نے نیشنل پریس کلب کی نو منتخب باڈی و فنانس سیکرٹری عابد عباسی کو مبارکباد پیش کی اور نئی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آواز ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں،پارلیمانی سیکرٹری نےاین پی سی قیادت کیساتھ گفتگو کرتے ہوئےمزید کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بہترین منصوبوں پر کام کر رہی ہے جبکہ راولپنڈی میں تعمیر و ترقی کے متعدد جامع منصوبے پایۂ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے،ملاقات کے دوران صحافیوں کو صحت کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے، علاج معالجے، طبی مراعات اور ہیلتھ پروگرامز میں تعاون کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی گئی، اسما ءناز عباسی نے یقین دہانی کرائی کہ صحافی برادری کی صحت سے متعلق مسائل کے حل اور انہیں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

این پی سی کے فنانس سیکرٹری عابد عباسی نے پارلیمانی سیکرٹری کی آمد پر اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کے حل اور فلاحی اقدامات کے لیے حکومتی نمائندوں کا تعاون خوش آئند ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صحافیوں کی بہبود، صحت اور پیشہ ورانہ سہولیات کے حوالے سے مشترکہ اقدامات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔اس موقع پر صحافی برادری کی فلاح، عوامی آگاہی، صحت عامہ اور باہمی تعاون سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔