مظفرآباد (بیورو رپورٹ) بینک آف آزاد جموں و کشمیر نے اپنی 20 سالہ تاریخ کا ایک اہم اور تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے شیڈولڈ بینک کا درجہ حاصل کرنے کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو باقاعدہ درخواست جمع کرا دی ہے، وزیر خزانہ آزاد جموں و کشمیر اور چیئرمین بینک آف آزاد جموں و کشمیر چوہدری قاسم مجید نے اس موقع پر کہا کہ شیڈولڈ بینک کے درجے کے حصول کے لیے درخواست جمع کرانا بینک کے دو دہائیوں پر محیط شاندار سفر کا اہم ترین مرحلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی بینک کی مضبوط مالی بنیادوں، بہتر کارکردگی اور تمام ریگولیٹری تقاضوں کی کامیاب تکمیل کا نتیجہ ہے۔
چوہدری قاسم مجید نے کہا کہ اس اہم پیش رفت میں وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی سرپرستی اور چیف سیکرٹری کی رہنمائی نے کلیدی کردار ادا کیا، جن کی بھرپور معاونت سے بینک نے یہ سنگِ میل حاصل کیا، انہوں نے مزید کہا کہ شیڈولڈ بینک کا درجہ ملنے کے بعد بینک آف آزاد جموں و کشمیر کی خدمات کا دائرہ کار نہ صرف پاکستان بھر میں بلکہ بین الاقوامی سطح تک بھی وسعت اختیار کرے گا، جس سے صارفین کو جدید اور معیاری بینکاری سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
چیئرمین بینک چوہدری قاسم مجید نے صدر بینک آف آزاد جموں و کشمیر شاہد میر اور بینک کے تمام افسران و ملازمین کی غیر معمولی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کی یہ کامیابی پوری ٹیم کی اجتماعی کاوشوں کا ثمر ہے، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بینک مستقبل میں بھی ترقی، شفافیت اور جدید بینکاری کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔

