اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آل گورنمنٹ ایمپلائیز گرینڈ الائنس (اگیگا) پاکستان کے وفد نے چیف کوآرڈینیٹر رحمان علی باجوہ کی سربراہی میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے اہم مذاکرات کیے۔
وفد میں اگیگا پاکستان کے مرکزی چیئرمین حیدر علی خان، اگیگا پنجاب کے سینئر وائس چیئرمین قاضی عمران، آئیسکو سے عاشق خان اور سی ڈی اے سے عامر خان شامل تھے۔ مذاکرات میں وزارت خزانہ کے ایڈیشنل سیکرٹری ریگولیشن سعد فاضل عباسی، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیف ٹیکس آفیسر آصف، ضلعی انتظامیہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ یوسف اور ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی نے بھی شرکت کی۔
مذاکرات کے دوران اگیگا کے وفد نے وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی کے ساتھ ہونے والے تحریری معاہدے کے غیر نافذ شدہ نکات پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزارت خزانہ کے ایڈیشنل سیکرٹری سعد فاضل عباسی نے شرکاء کو بتایا کہ اگیگا کا چارٹر آف ڈیمانڈ پہلے ہی وزارت خزانہ کو موصول ہو چکا ہے اور اس پر غور و خوض جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب مالی وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کرے گی۔
واضح رہے کہ آل گورنمنٹ ایمپلائیز گرینڈ الائنس نے پہلے وفاقی بجٹ کے روز 5 جون کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم حکومت کی جانب سے بجٹ کی تاریخ میں تبدیلی کے بعد اگیگا نے بھی اپنے احتجاج کی تاریخ تبدیل کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مظاہرہ اب بجٹ پیش کیے جانے والے دن ہی کیا جائے گا۔
اگیگا کے اہم مطالبات میں تمام ایڈہاک ریلیف الاؤنسز کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرنا، ہاؤس رینٹ، میڈیکل اور کنوینس الاؤنسز میں 200 فیصد اضافہ، تنخواہوں میں تفریق کے خاتمے کے لیے 30 فیصد ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس کی فراہمی، تمام ملازمین اور پنشنرز کی تنخواہوں اور پنشن میں 100 فیصد اضافہ شامل ہیں۔
مزید برآں تنظیم نے اساتذہ اور محققین کے لیے 25 فیصد ٹیکس ریبیٹ کی بحالی، تعلیمی اداروں اور سرکاری محکموں بشمول واپڈا اور ڈسکوز کی نجکاری کے عمل کو فوری طور پر روکنے، لیو انکیشمنٹ اور پنشن اصلاحات واپس لینے، وزیراعظم پیکیج کے تحت بھرتی ہونے والے ملازمین کو مستقل کرنے اور برطرف کنٹریکٹ و کنٹیجنٹ ملازمین کی بحالی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
اگیگا قیادت کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کو درپیش معاشی مشکلات کے پیش نظر حکومت کو بجٹ میں مؤثر اور عملی ریلیف دینا ہوگا تاکہ ملازمین کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

