اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سوشل میڈیا پر دولت اور پرتعیش طرزِ زندگی کی نمائش کرنے والوں کے لیے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی مہلت 30 ستمبر تک بڑھا دی ہے، جبکہ آئندہ مالی سال سے سخت کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یکم اکتوبر سے سوشل میڈیا پر غیر معمولی طرزِ زندگی دکھانے والے نان فائلرز کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ایف بی آر سوشل میڈیا لائف اسٹائل کی نگرانی کرے گا اور ایسے افراد کی فہرستیں تیار کی جائیں گی جو اپنی آمدن سے مطابقت نہ رکھنے والے اثاثوں اور اخراجات کی نمائش کرتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر مہنگی گاڑیوں، موٹرسائیکلوں، بنگلوں، فارم ہاؤسز، قیمتی گھڑیوں اور زیورات کی نمائش کرنے والے نان فائلرز کو ٹیکس حکام کی جانب سے نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق ان افراد سے ان کی آمدن اور اخراجات کے بارے میں تفصیلی وضاحت طلب کی جائے گی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ شادیوں، قوالی محافل، موسیقی اور دیگر تقریبات میں دولت نچھاور کرنے والے افراد بھی نگرانی میں ہوں گے، اور اگر ان کے مالی گوشوارے مطابقت نہیں رکھتے تو ان کے خلاف بھی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا اور معیشت میں شفافیت کو فروغ دینا ہے، تاکہ غیر دستاویزی آمدن رکھنے والے افراد کو ٹیکس نظام میں لایا جا سکے، ایف بی آر حکام نے اس حوالے سے باضابطہ پالیسی فریم ورک کو حتمی شکل دینے پر کام شروع کر دیا ہے، جس کے بعد نفاذ کے عمل کو مرحلہ وار آگے بڑھایا جائے گا۔

